ہر پی ایچ ڈی ہولڈر سرکاری افسر کو ماہانہ 25 ہزار روپے الانس دینے کا حکم

کراچی(آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے اب ہر پی ایچ ڈی ہولڈر کو ماہانہ 25 ہزار روپے پی ایچ ڈی الانس دینے کا حکم دیدیا۔ جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عدنان الکریم میمن نے ڈاکٹر لیاقت علی ابڑو کی درخواست پر بڑا فیصلہ سنا دیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے پی ایچ ڈی ہولڈر سرکاری افسران کو 25 ہزار روپے پی ایچ ڈی الانس دینے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو 15 دن میں سمری وزیراعلی سندھ کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ تمام سرکاری پی ایچ ڈی افسران کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیئے جائیں۔ کسی بھی محکمے کے پی ایچ ڈی ہولڈر کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ تمام محکموں کے پی ایچ ڈی افسران کو یکساں الانس دیا جائے۔ ڈاکٹر لیاقت علی ابڑو نے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ کسی پی ایچ ڈی ہولڈر کو 25 تو کسی کو 10 ہزار دیئے جارہے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا تھا کہ ایسا امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ جس پر سندھ حکومت نے جواب میں کہا تھا کہ صرف یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی ہولڈر کو 25 ہزار روپے الانس دے رہے ہیں۔ دیگر سرکاری پی ایچ ڈی ہولڈرز کو 10 ہزار روپے ماہانہ دیا جارہا ہے۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں