پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین کے حمایتی ارکان کا الگ نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ

لاہور (آئی این پی ) پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین کے حمایتی ارکان نے الگ نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا۔ صوبائی گروپ لیڈر سعید اکبر نوانی اسمبلی میں الگ نشستوں کیلئے سپیکر سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق الگ نشستوں کے حصول کیلئے ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی کی مشاورت مکمل ہوگئی۔ صوبائی وزرا نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ بھی الگ نشستوں پر بیٹھیں گے۔ ترین گروپ کا دعوی ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ان کے 30 ارکان ہیں۔ جہانگیر ترین گروپ کا کہنا ہے علیحدہ نشستوں پر بیٹھ کر اپنے ارکان کی حق تلفی کے خلاف آواز بلند کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے تمام ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کیخلاف بجٹ کی منظوری تک کوئی ایکشن نہیں ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے بیانات اور سر گرمیاں نوٹ کر رہے ہیں، کوئی بھی اقدام وقت آنے پر وزیراعظم کی اجازت سے اٹھائیں گے۔ اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ پارٹی اور قیادت کیخلاف بولنے والے پہلے عہدوں اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close