اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ

نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے ہونے والی انسانی ہاکتوں اور نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق جمعرات کو فلسطین کی صورت حال پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے،ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ غزہ میں شہریوں ،بالخصوص بچوں کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ غزہ کے بچے جنگ کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔ فریقین شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری کشیدگی کو روکنا ہوگا۔ دونوں اطراف سے سیزفائرہونا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین تنازع کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے متعدد اسپتال تباہ ہوگئے ہیں۔ ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ پناہ گزین کیمپ پرحملے سے ایک ہی خاندان کے 9افراد شہید ہوئے ہیں۔ غزہ میں میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پرتشویش ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی ترجیح ہونی چاہیے ،اسرائیلی جنگی جرائم کو قانون سے بالاترنہیں ہونا چاہیے ،مقبوضہ فلسطینی علاقے سے اسرائیلی قابض فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہیں ، پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے، فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی بمباری کے تناظر مین او آئی سی کی درخواست پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک ہفتے سے اسرائیل فلسطینیوں پر حملے کررہا ہے، آج اقوام عالم ایک اہم نقطے پر کھڑی ہیں، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے 50ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں اشیائے خوردنوش کی شدید قلت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ سلامتی کونسل کی جانب سے ذمہ داریوں میں غفلت کا ارتکاب قابل افسوس ہے،تاہم اب جنرل اسمبلی نے ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا ،اب اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں یہ سب تاریخ کا حصہ ہوگا، یہ جنگ غیر قانونی قابض اسرائیل اور نہتے فلسطینیوں کے درمیان ہے، اسرائیل اور فلسطینیوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے،ایک طرف دنیا کی جدید ترین قابض اسرائیلی فوج اوردوسری طرف جذبہ حریت کے ساتھ فلسطینی ہیں ۔وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی اشیا بھجوانے کا انتظام کیا جائے،اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی ترجیح ہونی چاہیے ،اسرائیلی جنگی جرائم کو قانون سے بالاترنہیں ہونا چاہیے ،مقبوضہ فلسطینی علاقے سے اسرائیلی قابض فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کرتے ہیں ، پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے ، فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے،معصوم اور نہتے فلسطینیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔فلسطینی وزیرخارجہ نے کہا کہ مسجد الاقصی میں نہتے نمازیوں پر یلغار کی گئی۔ فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت فوری ختم کرائی جائے۔اردنی وزیرخارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ اسرائیل کے غزہ حملے میں درجنوں معصوم بچے اور خواتین کو شہید کیا گیا۔ اسرائیلی جارحیت سے غزہ میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔اردنی وزیرخارجہ نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ عالمی امداد کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ اسرائیل پر عالمی چارٹر کی پاسداری کیلئے دباو ڈالے۔ اسرائیل غزہ پر جاری جارحیت ختم کرتے ہوئے جنگ بند کرے۔ شیخ جراح کے علاقے سے فلسطینی عوام کی زبردستی بے دخلی جنگی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر جاری جارحیت ختم کرتے ہوئے جنگ بند کرے ،القدس سرخ لکیر ہے جسے پار کرنا خطے میں عدم استحکام پیدا کرے گا ، قطر ی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کیلئے قطر کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری ہیں ، عالمی برادری کی ناکامی کی وجہ سے اسرائیلی حملوں میں 75ہزار فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں ، اسرائیلی حملے خطے کو مزید کشیدگی کی جانب دھکیل رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے ماہ مقدس کا تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر حملہ کیا، عبادت میں مصروف معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، اسرائیل کو عالمی انسانی کے قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے ، عالمی برادری فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت ختم کرانے میں کردار ادا کرے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close