عازمین حج کیلئے بڑی خوشخبری، تیاری کر لیں، سعودی حکومت نے اعلان کر دیا

ریاض(پی این آئی) ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک بار حج کی سعادت ضرور حاصل کرے۔ ہر سال لاکھوں پاکستانی بھی حج کی سعادت حاصل کرتے رہے ہیں۔ تاہم گزشتہ سال کورونا وبا کی وجہ سے سعودی حکومت نے حج صرف مملکت میں مقیم افراد تک محدود کر دیا تھا۔اس بار بھی سعودی عرب میں کورونا کیسز کے پیش نظر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید حج میں دیگر ممالک کے عازمین کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم اس حوالے سے پاکستانیوں سمیت دیگر اسلامی ممالک کے حج کے لاکھوں اُمیدواروں کو خوشی کی خبر سُنا دی گئی ہے۔ سعودی اخبار المرصد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام نے رواں ہجری سال 1442کے لیے غیر ملکیوں کو بھی حج کے لیے سعودیہ آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جس کا اعلان جلد کر لیا جائے گا۔ وزارت حج و عمرہ کے ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کو حج کے لیے آنے کی اجازت ہو گی تاہم انہیں کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا۔جن میں ویکسی نیشن کی شرط بھی شامل ہے۔ تاہم حاجیوں کی تعداد محدود رکھے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے نائب وزیر مملکت حج عبد الفتاح مشا نے کہا ہے کہ حج بیت اللہ کو معطل نہیں کیا جائیگا،حج کیلئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں، حجاج کرام اور زائرین کی سہولت کیلئے سعودی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، حج کیلئے آنے والوں کیلئے ویکسین لازمی ہو گی ، حج کے بارے میں تفصیلات اور طریقہ کار کے بارے میں شوال کے مہینہ میں اعلان کر دیا جائے گا،خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی واضح ہدایات ہیں کہ حج کیلئے ایسے انتظامات کیے جائیں جس سے کرونا کی وبا ء حجاج پر اثر نہ کر سکے۔یہ بات انہوں نے چند روز قبل چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ اس سال ان شا اللہ حج کے فریضے کی ادائیگی ہو گی ، حجاج کی تعداد کا اعلان کرونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے شوال میں کیا جائے گا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی ہدایات پر سعودی عرب کی وزارت حج اس پر مسلسل کام کر رہی ہے۔شوال کے مہینے میں مکمل تفصیلات کا اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کیلئے ویکسین لگوانا لازمی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے بہت قریب ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close