کراچی (پی این آئی)چند ووٹوں سے کھڑی کٹھ پتلی حکومت پر اپنے ہی ارکان نے عدم اعتماد کردیا، جن حکومتوں کو عوام نہیں لاتے ان کا حشر یہی ہوتا ہے- پیپلزپارٹی نے وزیراعظم عمران خان سے پھر اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ وزیراعظم کے پاس اکثریت نہیں رہی صدر انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں ، عوام کے بعد عمران خان تحریک انصاف میں بھی اعتماد کھو چکے ہیں ۔سینیٹر مولابخش چانڈیوکاکہناہے کہ چند ووٹوں سے کھڑی کٹھ پتلی حکومت پر اپنے ہی ارکان نے عدم اعتماد کردیا ہے، صدر مملکت کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی،پی پی رہنما نے کہاکہ عمران خان ڈنڈے کے زور پر کب تک بغیر اکثریت کے حکومت کرتے رہیں گے،جس طرح حکومت بنی تھی، اسی طرح ٹوٹتی نظر آ رہی ہے۔مولانا بخش چانڈیو نے کہاکہ جن حکومتوں کو عوام نہیں لاتے ان کا حشر یہی ہوتا ہے جو کٹھ پتلیوں کا ہو رہا ہے،ان کاکہناتھا کہ صدر زرداری کا کہا سچ ثابت ہو رہا ہے حکومت اپنے وزن سے گر رہی ہے۔واضح رہے کہ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں الگ نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔ جہانگیر ترین گروپ کے 30 اراکین نے پنجاب اسمبلی میں حکومتی بینچوں کی بجائے الگ نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے گروپ اراکین نے مشاورت مکمل کرلی ہے ، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی وزراء نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ بھی الگ نشستوں پر براجمان ہوں گے ، اس سلسلے میں جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر سعید نوانی جلد اسپیکر پنجاب اسسمبلی سے ملاقات کرکے اپنے گروپ کے لیے الگ نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔جب کہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے گروپ نے حکومتی بنچوں پر ہی بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع ترین گروپ کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومتی بنچوں پر جہانگیرترین گروپ کے ارکان بیٹھیں گے، راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کا فیصلہ برقرار رہے گا، ہم سب پی ٹی آئی ہیں ،دوستوں نے اگر الگ گروپ کی بات کی ہے تو ان کے جذبات کا احترام ہے، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی ہماری جماعت ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان جہانگیر خان کے ہم خیال سیاستدانوں نے جہانگیر ترین گروپ کے باقاعدہ قیام کا اعلان کیا، جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز بھی مقرر کردیے ہیں، پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں