این سی اوسی نے 24مئی سے ملک میں تعلیمی اداروں اور سیاحت کو کھولنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):این سی اوسی نے 24مئی سے ملک میں تعلیمی اداروں اور سیاحت کو کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔ بدھ کو این سی اوسی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈی نیٹراین سی اوسی لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے علاوہ صوبائی وزیر صحت سندھ اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 24مئی سے ملک بھر کے ریسٹورنٹس میں رات 12بجے تک آﺅٹ ڈورڈائننگ کی اجازت ہوگی ، سخت ایس اوپیز کے تحت سیاحت کھولنے کی بھی اجازت دی گئی ہے اس کے لیے علیحدہ ہدایات جاری کی جائیں گی جبکہ جن اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح 5فیصد تک ہے ان میں تعلیمی اداروں کو بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یکم جون سے آﺅٹ ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 150افراد شرکت کرسکیں گے اس معاملے پر27مئی کو علیحدہ ا جلاس ہوگا۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مزارات، سینماہاﺅسز ، ا ِن ڈور ڈائننگ ، تفریحی پارک، فیسٹیول،کلچرل ایونٹس ،تمام انڈور ،آﺅٹ ڈور اجتماعات جس میں کلچرل، میوزیکل ،مذہبی ایونٹس شامل ہیں پر پابندی ہوگی۔ سخت ایس اوپیز کے ساتھ واکنگ اور جاگنگ ٹریک کھلے رہیں گے۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ ضروری طور پر ماسک پہننے کے حوالے سے نئے اقدامات کیے جائیں گے ، موجودہ ان باﺅنڈ اور لینڈ بارڈر پالیسی جاری رہے گی۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ گڈانی اور مصری شاہ انڈسٹری 20مئی 2021کو دوبارہ کھول دی جائے گی۔ ہسپتالوں میں بغیر ایمرجنسی کے آپریشن یکم جون سے شروع ہوجائیں گے۔ میٹرک ،فرسٹ ایئر ،سیکنڈ ایئر کے تما م امتحانات 20جون کے بعد منعقد ہوں گے تاہم پروفیشنل ،نان پروفیشنل امتحانات کے سلسلہ میں وزارت تعلیم کی سفارشات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ این سی اوسی نے مزید کہا کہ دفاتر کے معمول کے اوقات اور 50فیصد سٹاف کی دفاتر میں حاضری کی پہلے ہی اجازت دی جاچکی ہے جبکہ رات آٹھ بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت ہے۔این سی اوسی نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ 50فیصد گنجائش جبکہ ٹرینیں مسافروں کی70فیصد گنجائش کے ساتھ چلتی رہیں گی۔ این سی اوسی نے کہا ہے کہ اب 27مئی اور 7جون 2021ئ کو معاملات پر نظر ثانی کے لیے اجلاس منعقد ہوں گے ،تمام صورتحال کو قریب سے مانیٹر کیا جارہا ہے اور کسی بھی ایریا میں کورونا کے پھیلاﺅ پر ایمرجنسی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں