ہمت ہے تو پنجاب حکومت گرا کر دکھائو، وفاقی وزیر نے جہانگیر ترین گروپ کو چیلنج کر دیا

لاہور ( پی این آئی ) فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے لوگ ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے اراکین پر کھل کر تنقید کی گئی۔ حکمراں جماعت کے سینیٹر نے کہا کہ ترین گروپ کے لوگ صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔ابھی پولیس کی ایک موبائل ان لوگوں کی طرف بھیجی جائے تو ان کا لہجہ فوری ٹھیک ہو جائے گا، یہ لوگ عمران خان کو قائداعظم سے بھی بڑا لیڈر قرار دے دیں گے۔ لیکن یہ ایس ایچ او اور پولیس موبائل بھیجنے والے کام ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے کرتے ہیں، ہم ایسا نہیں کریں گے، نہ کرنا چاہتے ہیں۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ وہ ترین گروپ کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر یہ اتنے ہی تگڑے ہیں تو پنجاب حکومت گرا کر دکھائیں، جبکہ وہ یہ بھی چیلنج کر رہے ہیں کہ ترین گروپ کے لوگ چاہے جو مرضی باتیں کر لیں، یہ لوگ بجٹ سیشن میں 500 فیصد حکومت کی حمایت کریں گے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے جہانگیر ترین کی جانب سے پارٹی میں علیحدہ گروپ تشکیل دینے کی اطلاعات کے بعد پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے وزیراعظم کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا گیا ۔گزشتہ روز جہانگیر ترین گروپ کی اطلاع سامنے آنے کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر #IstandWithImranKhan اور #BehindYouSkipper کے ساتھ ساتھ #JKTexposedHimself کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرتے رہے اور عام کارکنان کے علاوہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وزرا بھی تجدید عہد وفا کرنے میں پیش پیش دکھائی دیئے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین کی جانب سے قومی اور پنجاب اسمبلی میں اپنے گروپ کے پارلیمانی رہنماؤں کے ناموں کا اعلان سامنے آیا تھا۔ ‘جہانگیر گروپ’ پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارٹی کا کوئی بھی رکن اعتماد کا ووٹ اور فنانس بل پر پارٹی کے قواعد کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا اور تمام دوست اس بات سے واقف ہیں کہ اگر انہوں نے حکومت کی حکمت عملی کو سپورٹ نہیں کیا تو ان کی رکنیت متاثر ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے اور دیکھنا ہوگا کہ وہ ایسا کیوں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیبعد علی ظفر کو انکوائری کی ذمہ داری دی گئی اور وہ جلد اپنی رپورٹ پیش کریں گے لیکن اس دوران اتنی عجلت دکھانا بے معنی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان صاحبان کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ وہ عمران خان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں تو ان کے فیصلوں پر آمادگی کا اظہار کریں۔دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے پیغام میں مذکورہ بالا ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ میرا نام اسد عمر ہے اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔اسی طرح وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے وزیر اعظم کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے لکھا کہ عمران خان ہی اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی آخری آس ہے۔وزیر بحری امور علی زیدی نے پیغام میں لکھا کہ میں علی زیدی ہوں اور جو تھوڑی بہت بھی اہمیت رکھتا ہوں اس کے ساتھ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ان کے علاوہ نیب ریفرنس کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے بھی کپتان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close