پی ٹی آئی حکومت کا دور ختم، آنے والا دور ن لیگ کا ہو گا

صوابی (پی این آئی)مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے دعویٰ کرتے ہوئےکہا ہے کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی حکومت کا دور ختم ہونے والا ہے، آنے والا دورمسلم لیگ ن ، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا ہے۔دورہ صوابی کے دوران پارٹی ورکروں سے مختصر خطاب کرتے ہوئےانجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوابی اور بونیر کے لوگ انتہائی پیار اور محبت اور دوستی نبھانے والے ہیں، اس لئے میں نےخود صوابی آنے کا فیصلہ کیا، یہاں کے لوگ انتہائی محبت اور پیار کرنے والے ہیں،خیبر پختونخوا میں دوستی نبھانے اور مہمان نوازی میں صوابی والوں کا کردار سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی حکومتوں کا دور ختم ہونے والا ہے، آنے والا دور ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن کا ہو گا ،جس میں ملک کا آئندہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ہوں گے، ملک میں بہت جلد تبدیلی آنے والی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت سے نہ صرف سرکاری ملازمین ، تاجر، ڈاکٹرز، عوام بلکہ خود پی ٹی آئی کے اپنے ورکرز بھی نالاں ہیں اور ناکام حکومت اورمایوس کن کارکر دگی کو سمجھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کا حل مسلم لیگ ن اور ان کی قیادت کے پاس ہے،ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی مسلم لیگ ن اقتدر میں آکر پاکستان کو مسائل کے دلدل سے نکالے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرئے گی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ ملک ہے، جب اس ملک میں غریبوں کو ایک وقت کی روٹی ملنا بھی مشکل ہو تو عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ ہو تا جائیگا کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت آئےروز نہ صرف پیٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں دس دس روپے اضافہ کر رہی ہے بلکہ آٹا ، چینی اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ کر کے غریبوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہوئی ہے جبکہ ادویات کی قیمتوں میں نہ صرف سو گنا اضافہ کیا گیا بلکہ برائے نام مفت علاج پر عوام کو ٹرخایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کر دیا گیا، وزیر اعظم عمران خان صرف سعودی اور امارات کے شیخ کی گاڑی کی ڈرائیونگ کر رہے ہیں۔ڈرائیونگ سے ملک کا وقار بلند نہیں ہو سکتااور نہ ہی ڈرائیونگ سے کام چل سکتا ہے، اب سعودی عرب سمیت امارات اور خلیجی ممالک میں پاکستانی لوگ مزدوری کرنے نہیں جا سکتے ،جس کی وجہ سے پاکستان میں مزید غربت میں اضافے کا اندیشہ ہو سکتا ہے،موجودہ حکومت داخلی اور خارجی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے عوام حکومت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں