طوفانی ہوائیں اور شدید بارشیں ہونیوالی ہیں، شہریوں کیلئے الرٹ جاری، پیشنگوئی کردی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی بڑی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق110 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی طوفانی ہوائیں چلنے اور ساتھ 100 سے 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ جنوب مشرقی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور میرپورخاص کے اضلاع میں۔موجودہ موسمی صورتحال اور موسمیاتی ماڈلز کے تجزئیے کے پیشِ نظر موسم کا حال نے درج ذیل تفصیلات تیار کی ہیں:اس وقت سمندری طوفان تاؤتے بحیرہ عرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان یا کیٹگری 2 سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں ہواؤں کی رفتار 165 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر رہے ہیں۔ فی الوقت یہ بھارت کے مغربی ساحل میں رتناگری، مہاراشٹرا سے تقریباً 100 کلومیٹر دور سمندر میں موجود ہے۔اگلے 24 گھنٹوں میں تاؤتے کی شدّت میں مزید اضافہ متوقع ہے جس کے بعد یہ ایک مکمّل کیٹگری 3 یا انتہائی شدید کیٹگری 2 سمندری طوفان میں تبدیل ہو جاۓ گا۔ اس صورت میں اس میں ہواؤں کی 2 منٹ اوسط پر مبنی رفتار 185 سے 205 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکّڑ 220 سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہے ہونگے۔ امکانات ہیں کہ یہ بھارت کے مغربی ساحل کے پاس سے گزرتا ہوا جاۓ گا اور وہاں انتہائی تیز بارشوں کا سبب بنے گا۔18 مئی کو یہ بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے رات 2 سے 4 بجے کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔ کم سے کم ہوا کا دباؤ 940 سے 945 ایچ پی اے تک گر سکتا ہے۔ 18 مئی کو صبح سویرے ضلع تھرپارکر کے نگرپارکر اور مٹّھی کے علاقوں میں تیز بارش شروع ہونے کا امکان ہے، جو کہ 19 مئی کی شام تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ نگرپارکر میں شمال کی سمت سے 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی اوسطاً ہوائیں اور 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑوں کیساتھ 75 سے 125 ملی میٹر بارش جبکہ بعض مقامات پر 150 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔ اسلامکوٹ اور مٹّھی میں شمال مغرب کی سمت سے 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہواؤں کیساتھ 25 سے 50 ملی میٹر تک کی تیز بارش ہو سکتی ہے۔چھاچھرو میں بھی 65 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہواؤں کیساتھ 10 سے 20 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ ٹھٹّھہ، بدین اور عمرکوٹ میں تیز ہوائیں چلیں گی تاہم تیز بارش کا امکان نہیں۔اس دوران کراچی اور حیدرآباد میں مطلع زیادہ تر یا مکمّل طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ 19 مئی کو دن کے وقت گرج چمک کے طوفان بننے کے 20 فیصد امکانات ہیں۔ شمال مشرق کی سمت سے 50 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اس سرگرمی کے دوران 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں