کراچی، ہیٹ ویو، سمندری طوفان کی آمد کے پیش نظر 20 مئی تک ایمرجنسی نافذ

کراچی (آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں متوقع ہیٹ ویو اور سمندری طوفان کی آمد کے پیش نظر 20 مئی تک ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ایمرجنسی کے پیش نظر تمام اسپتالوں میں ڈاکٹر ز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہمہ وقت موجودگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز، محکمہ باغات اور محکمہ میونسپل سروسز میں بھی ایمرجنسی نافذ رہے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیٹ ویو اور متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اگلے تین دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے لہٰذاشہری ان دنوں میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں، متوقع سمندری طوفان کے باعث تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے اور تیز ہواؤں کے باعث چھتیں اڑنے، سائن بورڈ گرنے، کچی تعمیرات کے منہدم ہونے کے امکانات ہیں لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں بجلی کے تاروں اور سائن بورڈز سے دور رہیں اور خصوصاً بارش کے دوران برقی آلات اور بجلی کے کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہیٹ ویو کے دنوں میں پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے، دھوپ سے بچا جائے اورڈی ہائیڈریشن ہو نے کی صورت میں فوری ہسپتال سے رجوع کریں، تمام افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے شہریوں کی مدد کے لئے موجود رہیں،بارش ہونے کی صورت میں ہر ممکن کوشش ہوگی کہ نکاسی آب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور جہاں بھی پانی کھڑا ہو اسے محفوظ طریقے سے نکال دیاجائے، انہوں نے ہدایت کی کہ 11 انڈر پاسز اور کے ایم سی کے زیر انتظام 106 سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرلی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بر وقت اور احسن طور پر نمٹا جاسکے، انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان کی وجہ سے بارشوں کے دوران ایمرجنسی صورتحال میں ڈی واٹرنگ پمپس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے ٹرکس اور دیگر گاڑیوں کا بھی قبل از وقت انتظام رکھا جائے، متوقع سمندری طوفان کے پیش نظر ریسکیو سروس کے عملے کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے تاکہ سمندر میں پیدا ہونے والی اونچی لہروں کے باعث کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جاسکے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے، مرکزی بلدیاتی ادارہ ہونے کے ناطے کے ایم سی شہر بھر میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور ہر ممکن کوشش ہوگی کہ بارشوں کے دوران ٹیم ورک کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی شکایت پر فوری اور برو قت کارروائی کرکے انہیں سہولت پہنچائی جائے، انہوں نے افسران سے کہا کہ دی گئی ہدایات پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے جس سے لوگوں کے مسائل حل ہوں اور وہ کسی دشواری کا سامنا کئے بغیر متوقع سمندری طوفان کے اثرات سے محفوظ رہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں