عید مبارک! پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید ہو گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کل بروز جمعرات 13 مئی کو عید الفطر منانے کا اعلان کردیا ہے۔ عید الفطر کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پانچ گھنٹے جاری رہا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے موصول شہادتوں پر کمیٹی ارکان کے درمیان اختلاف ہوا تاہم ملک کے مختلف شہروں سے ملنے والی شہادتوں کی بنیاد پر کل عید منانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں ہوا، جس میں وزارت سائنس، اسپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔پشاورمیں چیئرمین زونل کمیٹی مولانا احسان الحق کی زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال، جب کہ کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمئہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، کراچی میں کوئی شہادت موصول نہ ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی حافظ محمد سلفی نے کی، جب کہ اجلاس میں قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال،مولانا صابر بھی شریک ہوئے۔اس سےقبل محکمئہ موسمیات نے کہا تھا کہ چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ ہو تب ہی اسے دیکھا جاسکتا ہے، جب کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کی عمر 20 گھنٹے 40 منٹ نہیں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات نہیں، تاہم ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کی رات 12 بجکر ایک منٹ پر ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے کسی ملک میں گزشتہ روز شوال کا چاند نہیں دیکھا جاسکا جس کی وجہ سے بیشتر ممالک میں آج 30واں روزہ ہے اور عید الفطر کل بروزجمعرات کو منائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close