بیرون ملک سے پاکستان آنے والے سینکڑوں افراد میں کورونا کی تشخیص، ائیر پورٹ پر وزیٹرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی

پشاور (پی این آئی)بیرون ملک سے پاکستان آنے والے سینکڑوں افراد میں کورونا کی تشخیص، ملک کے اہم ائیر پورٹ پر وزیٹرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والے ہزاروں مریضوں میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے زیادہ تر مسافروں میں کورونا کی تشخیص پشاور کے ایئرپورٹ پر ہوئی، جس کی وجہ سے پشاور ایئر پورٹ پر وزیٹرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے پشاور آنے والے مسافروں میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ‏پر باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی اجلاس ہوا جس کی صدارت سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر‏عبیدالرحمان عباسی نے کی۔اجلاس میں مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ہدایات جاری کی ‏گئیں کہ مسافروں کی جعلی کورونا رپورٹ کی روک تھا م کیلئے اقدامات کئےجائیں۔حکام کو کہا گیا کہ تمام ایئرلائنزز دبئی، شارجہ، سعودی عرب ایئرپورٹ اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے، ‏ایئرپورٹ اتھارٹی کورونا رپورٹ چیک کر کےمسافروں کو آنےکی اجازت دے۔اے ایس ایف کو ایئرپورٹ پر مکمل ایس اوپیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے کی ہدایت کی گئی ‏اور فیصلہ کیا گیا کہ وزیٹرز کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ واضح رہے کہ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں تیزی آنے لگی۔کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 29 ویں پر آگیا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 785 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 118 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 569 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 9 اعشاریہ 29 فیصد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 915 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار 26 ہو چکی ہے۔24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 736 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 21 لاکھ 90 ہزار 671 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 81 ہزار 830 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 903 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 7 لاکھ 57 ہزار 281 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 17 ہزار 972 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 9 ہزار 32 ہو چکی ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 668 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 726 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 23 ہزار 842 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں اب تک کُل اموات 3 ہزار 588 ہو گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close