پنجاب میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، مثبت کیسز کی شرح کتنی ہو گئی؟ تشویشناک خبر

لاہور (پی این آئی) لاہور سمیت صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد اور لاہور میں 15 اعشاریہ 22 فیصد رہی جب کہ اس سے پہلے پنجاب میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد اور لاہور میں 14 فیصد تھی۔محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں 24 گھٹنوں کے دوران 15 ہزار 148 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار 538 ٹیسٹ مثبت آئے ، اس دوران 81 کورونا مریضوں کی اموات ہوئیں ، صوبائی دارالحکومت لاہورمیں کیے گئے 5 ہزار 10 ٹیسٹوں میں سے 763 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ لاہور شہر میں 24 کورونا مریض دم توڑ گئے ، صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں اس وقت 446 اور لاہور کے ہسپتالوں میں 241 کورونا وائرس کے مریض آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت تاحال برقرار ہے ، جس کی وجہ سے سے ملک بھر میں ایک دن میں مزید 118 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 915 تک پہنچ گئی ، گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 40 ہزار 736 ٹیسٹ کیے گئے ، جن مین سے مزید 3 ہزار 785 افراد میں عالمی وباء کی تشخیص ہوئی ، اس طرح ملک میں گزشتہ روز کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.29 فیصد رہی ، جب کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد8 لاکھ 58 ہزار25 ہو گئی ، ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 81 ہزار 830 ہے جن میں سے 4903 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ کورونا ویکسین ختم ہوگئی ، ویکسین سے متعلق تمام غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں ، ہمارے پاس ویکسین بالکل بھی ختم نہیں ہوئی اور ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ ویکسین ہمارے پاس وافر مقدار میں پڑی ہے، شہری آکر ویکسین لگوائیں ، این سی او سی نے جون تک 3 لاکھ یومیہ ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے ، جب کہ اس وقت تک لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے ، کورونا یکسین کا کوئی ری ایکشن نہیں ہے اس لیے لوگ پریشان نہ ہوں ، چین کی ویکسین کا شمار دنیا کی بہترین ویکسین میں ہوتا ہے، 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی واک ان ویکسین کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close