پبلک ٹرانسپورٹ کب کھولی جائیگی؟ حکومت نے فیصلہ تبدیل کر لیا

لاہور (پی این آئی ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ 15مئی کی صبح 6 بجے پنجاب میں ٹرانسپورٹ دوبارہ کھول دی جائے گی ، صوبے میں جہاں ایس او پیز پر عملدرآمد کیا گیا وہاں کیسزکم ہیں ، ہسپتالوں میں کورونا کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ، عید پر ہسپتالوں میں طبی عملہ موجود رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے صورتحال میں بہتری آنے لگی ہے ، ہسپتالوں کی صورتحال بہتر ہے ، مریض بھی صحت یاب ہورہے ہیں ، عید جیسے تہوار پر بھی فرنٹ لائن ورکرز ہسپتالوں میں کام کریں گے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں جب کہ پیر سے بند ہونے والی ٹرانسپورٹ 15 مئی کی صبح 6 بجے دوبارہ کھلے گی۔اس سے پہلے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ کورونا ویکسین ختم ہوگئی ، ویکسین سے متعلق تمام غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں ، ہمارے پاس ویکسین بالکل بھی ختم نہیں ہوئی اور ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ ویکسین ہمارے پاس وافر مقدار میں پڑی ہے، شہری آکر ویکسین لگوائیں ، این سی او سی نے جون تک 3 لاکھ یومیہ ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے ، جب کہ اس وقت تک لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے ، کورونا یکسین کا کوئی ری ایکشن نہیں ہے اس لیے لوگ پریشان نہ ہوں ، چین کی ویکسین کا شمار دنیا کی بہترین ویکسین میں ہوتا ہے، 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی واک ان ویکسین کی اجازت ہوگی۔علاوہ ازیں آسٹرازنیکا کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ بھی پاکستان پہنچ گئی ہے ، کوویکس کی فراہم کردہ مفت کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے ، 12 لاکھ 38 ہزار کورونا ویکسین ڈوزز غیر ملکی ایئرلائن سے پاکستان پہنچائی گئیں ، وزارت صحت کے مطابق کوویکس کی فراہم کردہ کورونا ویکسین جنوبی کوریا کی تیارکردہ ہے، کوویکس نے پاکستان کو پہلی کھیپ آسٹرازنیکا ویکسین کی فراہم کی ہے، آسٹرازنیکا کورونا ویکسین پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ فیڈرل ای پی آئی کے ویئرہاؤس منتقل کردی گئی ، پاکستان کورونا وائرس سے متعلق عالمی اتحاد کوویکس کا رکن ملک ہے اور کوویکس پاکستان کی 20 فیصد آبادی کو مفت ویکسین فراہم کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close