اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں۔سعودی ٹی وی کو انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ تیسرا دورہ ہوگا، عمران خان کے سعودی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دونوں ممالک میں اسٹریٹیجک پارٹنرشپ سے متعلق گفتگو کریں گے جب کہ دورے میں سپریم کوآرڈینیشن کونسل اور اقتصادی شراکت داری پربھی بات ہوگی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے بارے میں سعودی قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں، سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران سعودی عرب تنازع کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے، ایران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سعودی ولی عہد کے بیان کے حوالے سے وزیراعظم اپنا کردار ادا کریں گے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں