این اے 249 میں دوبارہ گنتی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کر دیا

کراچی (پی این آئی) کراچی کے حلقے این اے 249 میں الیکشن کمیشن کی طرف سے دوبارہ گنتی کا مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے فیصلے کے بعد اس حلقے میں ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آج دوبارہ گنتی ہونی تھی۔ تاہم پیپلز پارٹی کے علاوہ اس حلقے سے الیکشن میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا بائیکاٹ کرکے تحریری درخواست آر او کے پاس جمع کروا دی ہے۔ مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، پاسبان اور آزاد امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’فارم 46 نہیں دیے گئے، بیلٹ بک کا کاؤنٹر فائل بھی موجود نہیں، پولنگ بیگ پر سیل بھی موجود نہیں، ہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کا حصہ نہیں بن سکتے۔ واضح رہےکہ 29 اپریل کو این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کامیاب ہوئے تھے اور مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ دونوں کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close