اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، اس دوران وہ پنجاب پیری اربن کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے منصوبےکا آغازکریں گے۔ 10 سے زیادہ سائٹس کا منصوبے کے آغاز کے لئے انتخاب کیا گیا ہے۔ منصوبے کے آغاز کی بڑی تقریب رائیونڈمیں ہو گی جس میں وزیراعظم مہمان خصوصی ہوں گے۔ یہ سکیم پنجاب کے چھوٹے شہروں اورقصبوں میں رہنے والے کم آمدنی والے افراد کے لئے بنائی گئی ہے۔ اس منصوبے کو حکومت پنجاب اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک کے ساتھ عملی شکل دی جارہی ہے۔ منصوبے کے تحت چھوٹی رہائشی کالونیاں ، جن میں زیادہ تر 100 سے 500 ہاؤسنگ یونٹ شامل ہیں ، پنجاب کے نواحی شہروں اور قصبوں کے مضافاتی علاقوں میں تعمیر کی جائیں گی۔ بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ذریعہ زمین انتہائی کم قیمت پر فراہم کی جائے گی۔ اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو پنجاب نے پنجاب کے 35 اضلاع میں 133 سائٹس کی پیش کش کی ہے۔حکومت پنجاب پہلے مرحلے کی سائٹس کے لئےمقامات پر لینڈاور انفراسٹرکچر ڈویلپمینٹ کے کاموں کے لئے فنڈز مہیا کررہی ہے۔وفاقی حکومت ہر ہاؤسنگ یونٹ کے لئے سبسڈی فراہم کررہی ہے اور وزیر اعظم کی مارک اپ سبسڈی سکیم کے مطابق مارگیج کا انتظام بھی کررہی ہے۔ایف ڈبلیو او اور این ایل سی ان سائٹس کو تیار کریں گے اور چھوٹے ہاؤسنگ یونٹ (3.5 مرلہ) تعمیر کریں گے۔ ان سائٹوں میں توسیع کی گنجائش ہے جس کی بدولت بعد میں ان مقامات پر مزید 4000 مکانات شامل کیے جاسکتے ہیں۔توسیع پذیر منصوبہ ہونے کی وجہ سے ، اس منصوبہ کوبعد میں پنجاب کی تمام 143 تحصیلوں تک مرحلہ واربڑھایا جاسکتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان چنیوٹ ، ڈی جی خان ، چونیاں ، خانیوال ، خوشاب ، منڈی بہاؤالدین ، میانوالی ، جلال پور پیر والا اور سرگودھا میں سائٹس پر ورچوئل طور پر کام کا آغاز کریں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں