اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بہت دباو آئے کہ اسرائیل کو تسلیم کرلیا جائے لیکن پاکستان نے کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی نہیں ہوسکتا اور فلسطین کو انصاف ملنے تک اسرائیل سے متعلق سوچا بھی نہیں جاسکتا۔ان کا کہنا تھاکہ رمضان شروع ہوا تو اسرائیل نے مسلمانوں کو نماز پڑھنے اور اذان دینے سے روکا، مسلم ممالک کو کم از کم فلسطین اور کشمیر کے لیے آواز تو اٹھانی چاہیے جبکہ کشمیر کمیٹی کی طرح پاکستان میں فلسطین کمیٹی بھی بنانی چاہیے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میںانہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ او آئی سی میں فلسطین اورکشمیر کے لیے آواز نہیں اٹھائی جاتی جبکہ پاکستان نے ماضی میں ہر مسلمان ملک کے انصاف کے لیے آواز اٹھائی، ماضی میں مسلم امہ کی مسلمان ممالک کے انصاف کیلئے کھڑے ہونا روایت رہی ہے۔شیریں مزاری کا کہنا تھاکہ بھارت اور اسرائیل نے انسانی حقوق کے قوانین کی دھجیاں اڑادی ہیں، لگتا ہے امریکا میں صدر جو بائیڈن کے آنے سے خاص تبدیلی نہیں آئے گی، فلسطین سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ اورجو بائیڈن کے درمیان فرق نظر نہیں آرہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں