ریکوری کا عمل تیز کریں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے چیئرمین نیب کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد( آئی این پی) پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے فیڈرل ایمپلائز بینوولینٹ اینڈ گروپ انشورنس فنڈز انتظامیہ کی جانب سے مختلف کمپنیوںمیں کی گئی سرمایہ کاری پر منافع کی عدم وصولی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریکوریز کا عمل تیز کرنے کے لئے چیئرمین نیب کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا۔منگل کو پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی راجہ ریاض کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں رکن کمیٹی نور عالم خان بھی شریک ہوئے جبکہ رکن کمیٹی حنا ربانی کھرنے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ، اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 2012-13سے 2018-19تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں فیڈرل ایمپلائز بینوولینٹ اینڈ گروپ انشورنس فنڈز انتظامیہ کی جانب سے غیر مجاز اور خلاف ضابطہ طور پرسرمایہ کاری کیئے جانے سے متعلق آڈٹ اعتراضات بھی زیر غور آئے، کمیٹی نے فیڈرل ایمپلائز بینوولینٹ اینڈ گروپ انشورنس فنڈز انتظامیہ کی جانب سے مختلف کمپنیوں کے ٹرم فنانس سرٹیفیکیٹس (ٹی ایف سیز ) میں کی گئی سرمایہ کاری پر منافع کی عدم وصولی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ، معاملہ نیب کے پاس ہونے کے باعث کمیٹی نے ریکوریز کا عمل تیز کرنے کے لیئے چیئرمین نیب کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ، کنوینر کمیٹی راجہ ریاض نے کہاکہ چیئرمین نیب کو خط لکھنا چاہیئے کہ یہ آڈٹ پیرے اتنی دیر سے پڑے ہیں ، ریکوری کوئی نہیں ہو رہی ، کنوینر کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام کو ہدایت کی کہ ہر ماہ ایک محکمانہ اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس ہونا چاہیئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close