سعودی عرب، سفری پابندیوں کے خاتمے کا فائدہ پاکستانیوں کو ہو گا یا نہیں؟

ریاض (پی این آئی) سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئےبیان میں سعودیوں کے لیے سفری پابندیاں ہٹائے جانے کی مشروط اجازت کا اعلان کیا تاہم اس اعلان میں تاحالپاکستانیوں سمیت غیرملکیوں کی مملکت آمد کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔ اس بیان میں سعودی شہریوں پر سفری پابندی ہٹانے کا کہا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ سعودی شہری جو بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں انہیں سفر کی مشروط اجازت ہو گی۔ اس سے پہلے سعودی شہریوں کو مملکت سے سفر کرنے کے لیے وزارت داخلہ سے سفری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا تھا۔ ٹریول پرمٹ کے بغیر کسی شہری کو سفرکرنے کی اجازت نہیں تھی۔ مملکت سے جانے کے لیے غیر ملکیوں پر کسی قسم کی پابندی نہیں تھی اور نہ اب ہے البتہ کورونا سے متاثرہ 20 ممالک سے غیر ملکیوں کے مملکت آنے پر پابندی بدستورعائد ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ کورونا کی وبا کے بعد سعودی وزارت داخلہ نے اپنے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ان ممالک میں جانے کی پابندی عائد کی تھی جہاں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی تھی تاہم انسانی ہمدردی اور انتہائی اہم امور کے پیش نظر ایسے افراد کو سفری اجازت حاصل کرنے کے لیے ’ابشر‘ پورٹل پر درخواست دینا ہوتی تھی جس میں سفر کرنے کی ٹھوس وجہ اور دستاویزی ثبوت فراہم کرنا ہوتے تھے۔ وزارت داخلہ موصول ہونے والی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اپنے شہریوں کو سفر کی اجازت دینے یا نہ دینے کی مجاز تھی۔ ڈیجیٹل ٹریول پرمٹ ملنے کے بعد ہی سعودی شہری سفر کر سکتے تھے۔ تازہ جاری ہونے والے بیان میں سفر سے قبل پیشگی اجازت نامہ کی شرط ختم کرکے سفر کرنے والوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکینیشن کی شرط عائد کی گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں