کرونا وباءکی تیسری لہر، تعلیمی اداروں کی فیسوں کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا گیا ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(پی این آئی ) وزارت تعلیم نے کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کر دیا ، جس کے تحت اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20فیصد کمی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق کورونا کی تیسری لہر میں وزارت تعلیم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد کےنجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپریل اور مئی کے فیسوں میں 20فیصد کمی کی جائے اور فیسوں میں کمی کا اطلاق 8ہزار زائدفیسوں والےاداروں پرہوگا۔ یاد رہے گذشتہ سال کورونا کی پہلی لہر میں بھی حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کیلئے فیسوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا تھا ،یہ رعایت ماہ اپریل اور مئی کی فیسوں میں دی گئی تھی۔ خیال رہے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میںوفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ گزشتہ سال بچوں کو بغیر امتحان کے پاس کیا گیا تھا لیکن اب امتحانات کے بغیر گریڈ نہیں دئیے جائیں گے، پوری کوشش کریں گے بچوں کا سال ضائع نہ ہو اور داخلہ مل سکے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورت حال غیر یقینی ہے نہیں پتا کل کیا ہوگا، کیمبرج کے طلبا کی سہولت کے لیے اکتوبر میں امتحانات منعقد کیے، برٹش کونسل نے پوری ایس او پیز کے ساتھ امتحانات منعقد کیے تھے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچے تو چاہتے ہیں ہم امتحان کے بغیر پاس ہوجائیں، کئی والدین ہمیں کہتے ہیں بچوں کی تیاری ہے امتحانات لیے جائیں، امتحان ہوں گے یہ نہیں ہوسکتا پڑھے لکھے بچوں کا نقصان ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں