آئندہ الیکشن میں کونسی جماعت دو تہائی کی اکثریت سے فتح حاصل کرے گی؟ بڑی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(آئی این پی )تحریک انصاف آزادکشمیر کے سینئر رہنما سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمدطاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، عمران خان کی جرات مندانہ پالیسی کے باعث سرحد کی دونوں جانب کشمیری انہیں اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں،تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور پی ڈی ایم اور ملک دشمن قوتوں کا بیانیہ اور ایجنڈا بحیرہ عرب میں غرق ہو جائے گا۔ مہاجرین کشمیر کے مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملک کو لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ تیس سالوں سے دونوں جماعتوں نے تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیا ہے اور ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں آ ج اللہ کے شکر سے پاکستان کو عمران خان کی شکل میں ایک محب وطن قیادت میسر ہے، ملک بحرانوں سے نکل رہا ہے ، معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور بہت جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ یہی حال دونوں جماعتوں نے آزادکشمیرکا کر رکھا ہے ۔ ن لیگ اور پی پی نے آزادکشمیر کے تمام ادارے تباہ کر دیئے ہیں ، سرکاری مشینری عوام کے حقوق غصب کرنے پر مامور ہے جبکہ حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں ، آج ہزاروں نوجوان روزگار کی تلاش میں در بدر ہیں ، غربت ، مہنگائی اور جہالت عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے ، حکمران عوام کو برادریوں کے نام پر لڑا کر ان کااستحصال کر رہے ہیں ۔طاہرکھوکھر نے کہاکہ تحریک انصاف آزادکشمیر میں برسراقتدار آ کر تمام اداروں کا پوسٹ مارٹم کرے گی اور عمران خان کے ویژن کے مطابق کرپشن فری آزادکشمیر کی بنیاد رکھی جائے گی۔عوام کوسستا اور فوری انصاف فراہم کیا جائے گا ۔ مہاجرین کشمیر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ ملازمتوں میں ان کے کوٹہ پر سختی سے اضافہ کیاجائے اور کوٹہ میں اضافہ کیاجائے گا ۔ تمام بڑے شہروں میں کشمیر کالونیاں قائم کی جائیں گی اور ون ونڈوآپریشن کے تحت عوام کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں