لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اگر کاروبار اور معیشت کو بچانا ہے تو عوام کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے مرتب کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ،کورونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے جو خدا کی ذات کا خاص کرم ہے ،حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آئندہ مالی سال کابجٹ ملک کی ترقی کا ٹول ثابت ہو ۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کورونا کی پہلی ، دوسر ی اور تیسری لہر کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے بروقت اور درست فیصلے کئے جس کی وجہ سے پاکستان کو اس طرح کے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا جس کادوسرے ممالک شکار ہوئے ہیں۔ کورونا وبا کی حالیہ لہر میں شدت آرہی ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں ۔ لوگوں کی زندگی اور کاروبار کو بچانے کیلئے توازن رکھ کر فیصلے کئے جارہے ہیںجسے کامیاب بنانے کیلئے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے موجودہ حالات میں اپنی سوچ کو مثبت رکھ کر پیشرفت کرنی ہے اس لئے اپوزیشن سے بھی اپیل ہے کہ وہ موجودہ حالات میں مایوسی پھیلانے اور اپنی سیاست چمکانے سے گریز کرے اور عوام میں کورونا وبا ایس او پیز کے حوالے سے شعور اجاگر کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں