عید الفطر کے موقع پر مکمل لاک ڈاون کا اعلان، 8 سے 16 مئی تک مارکیٹیں، پارکس، سیاحتی مقامات، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہیں گی

پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخواہ میں عید الفطر کے موقع پر مکمل لاک ڈاون کا اعلان، صوبے میں 8 سے 16 مئی تک مارکیٹیں، پارکس، سیاحتی مقامات، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبہ بھر میں 8 مئی سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن ہوگا۔اعلان کردہ ایام کے دوران تمام شاپنگ مالز، مارکیٹس اور بازار بند رہیں گے، پارکس، سیاحتی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے دوران گراسری شاپس، میڈیکل اسٹور، سبزیوں کی دکانیں، چکن شاپس، پیٹرول پمپس، بیکری، ٹیلی کمیونکشن وغیرہ کو استثنیٰ ہوگا۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 36 افراد جاں بحق ہوگئے۔محکمہ صحت رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار310 ہوگئی، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 796 افراد متاثر ہوئے، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ 856 مریض صحت یاب ہوئے۔پشاور میں گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران17 افراد وائرس سے جاں بحق ہوگئے، رپورٹ کے مطابق پشاور میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی 1680 ہوگئی، پشاورمیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 194 افراد متاثر ہوئے، پشاورمیں کورونا کیسز کی تعداد 45 ہزار808 ہوگئی۔صوبے میں ایک دن میں8 ہزار 102 نئے ٹسٹ کئے گئے، صوبے میں ایکٹیوں کیسز کی تعداد 12 ہزار 165 ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close