کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا پر مقدمہ درج

پشاور(آئی ا ین پی ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے نجی ریسٹورنٹ کے مالک اور مینجر کے خلاف بھی مقدمہ درج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے متعلق نجی ریسٹورنٹ میں افطار پارٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر افراد افطاری کے لیے بیٹھے نظر آئے۔ افطار پارٹی میں بڑی تعداد میں افراد بھی شریک ہوئے جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا، نجی ریسٹورنٹ کے مالک اور منیجر کے خلاف تھانہ سربند میں ایف آئی آر درج کر دی۔ ایف آئی آر اسسٹنٹ کمشنر متنی عادل ایوب کی مدعیت میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پردرج کی گئی۔ رات دیر سے یہ ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایف آئی آر ضلعی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے پولیس کو مراسلہ ارسال کرنے کے بعد درج کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close