پاکستان پر سفری پابندیاں، پاکستان نے کینیڈا سے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا، کینیڈا نے پاکستان کو بڑی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد(آئی این پی) کینیڈا نے فٹیف کے آئندہ اجلاس میںپا کستان کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ۔منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،کرونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے کرونا وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث، کینیڈین حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کے باعث، پاکستان میں وبا کی صورتحال دوسرے علاقائی ممالک کی نسبت بہتر ہے اس تناظر میں تیس دن کی مدت مکمل ہونے کے بعد پاکستان پر عائد سفری پابندیوں پر نظرثانی کی جائے، کینیڈین وزیر خارجہ نے سرینا ہوٹل کوئٹہ میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے اور جانی نقصان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیساتھ اظہار تعزیت کیا، کینیڈین وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ اجلاس میں فٹیف کے معاملے پر کینیڈا پاکستان کی معاونت کرے گا،ٹیلیفونک گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں کورونا وبا کے باعث ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کرونا وبا کے دوران کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہریوں کا خصوصی خیال رکھنے پر کینیڈین وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کینیڈا کی حکومت کے اقدامات کو سراہا، انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور طالب علموں کو ویزا سہولیات دینے پر بھی بات کی،وزیر خارجہ نے کینیڈین حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کے فیصلے کو سراہا ، کینیڈین وزیر خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے استنبول میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کی تعریف کی، کینیڈین وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ اجلاس میں فٹیف کے معاملے پر کینیڈا پاکستان کی معاونت کرے گا ، دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close