مریم نواز کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے وزیراعظم عمران خان پر بیرونی طاقتوں کا دبائو، وزیراعظم بھی ڈٹ گئے، دوٹوک فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے انکشاف کیا کہ ایک اسلامی ملک اور بیرونی طاقتوں نے وزیراعظم عمران خان پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ مریم نواز کو بیرون ملک جانے دیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامی ملک کی جانب سے کیے گئے مطالبے پر دو ٹوک موقف اختیار کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامی ملک کو واشگاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ مریم نواز کو کسی بھی صورت میں ملک سے باہر جانے نہیں دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان پر مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لیے مختلف ملکی اور غیر ملکی طاقتوں کی جانب سے دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے، تاہم وزیراعظم عمران خان اپنے موقف پر ڈٹ گئے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نےبتایا تھا کہ وہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے حق میں نہیں تھے، تاہم اُن کے پلیٹ لیس مسلسل کم ہو رہے تھے، جس وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اگر اُنہیں بیرون ملک بھیجنے کی اجاز ت نہ دی گئی تو اُن کی جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ نوازشریف کو اِن وجوہات کی بنا پر باہر بھیجنے کی اجازت دی گئی تھی۔اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کے اختلافات کا فائدہ عمران حکومت کو ملے گا، مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھا ہےکہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے کو نوٹس دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کیلئے خطرہ نہیں، مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا کوئی چانس نہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنے علاج کی غرض سے لندن جانا چاہتی تھی، لیکن حکومت نے اُنہیں باہر بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد مریم نواز نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں بھی بیرون ملک نہیں جانا چاہتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close