روزہ داروں کیلئے خوشخبری، آئندہ چنددنوں کیلئے بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

دُبئی(پی این آئی) سعودی عرب پر اس بار رب کی خاص مہربانی ہوئی ہے۔ رمضان کے پہلے دونوں ہفتوں میں بارش خوب ہوئی ہے، بلکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری اور برف باری بھی ہورہی ہے۔ دوسری جانب رمضان کے آغاز سے لے کر اب تک امارات میں انتہائی گرم موسم رہا ہے۔ اوپر سے جھلسا دینے والی گرم ہوا نے بھی روزہ داروں کے صبر کا خوب امتحان لیا ہے۔خصوصاً دُبئی، شارجہ اور ابوظبی میں اتنی گرمی پڑی ہے کہ کچھ مقامات پر درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو بھی پار کر چکا ہے۔ امارات کے روزہ دار کئی روز سے دعائیں مانگ رہے تھے۔ رب نے ان کی دُعائیں سُن لی ہیں۔ گزشتہ روز فجیرہ میں خوب بارش ہوئی ہے۔جس کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔تاہم اب شارجہ، دُبئی اور ابوظبی والوں کے لیے بھی محکمہ موسمیات نے خوش خبری دی ہے کہ اگلے تین روز امارات کے مختلف علاقوں میں اچھی خاصی بارشیں ہوں گی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہو جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بُدھ، جمعرات اور جمعہ کے دوران آسمان پر گھنے بادل چھائے رہیں گے جو وقفے وقفے سے بارش برسانے کا سبب بنیں گے۔خاص طور پر جمعرات اور جمعہ کو زیادہ بارش کا امکان ہے۔ تاہم آج کے روز لوگوں کو ایک بار پھر گرمی کا جھٹکا سہنا ہوگا۔ آج بھی کچھ علاقوں میں 42 ڈگری سے 44ڈگری سینٹی گریڈ تک کی گرمی پڑے گی۔روزہ داروں کو گھر سے نکلتے وقت چھتری ساتھ رکھنا ہو گی۔ کیونکہ ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے ریت اور گرد کا طوفان بھی پیدا ہو گا جو ڈسٹ الرجی والوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے ور حد نگاہ کم ہونے سے ڈرائیورز کو بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے مہینے میں مجموعی طور پر موسم گرم اور خشک رہے گا۔ اس ماہ کے دوران امارات کا اوسط درجہ حرارت 40 ڈگری کے آس پاس رہے گا۔البتہ شام کے وقت موسم خوشگوار ہو جایا کرے گا۔ پہاڑی علاقوں کی تفریح بہت عمدہ خیال ثابت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close