پانچ ، سات یا آٹھ؟ عید الفطر کی کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ شیخ رشید نے واضح کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عید الفطر کی چُھٹیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی، آکسیجن اور کورونا ویکسین پر بھی غور کیا گیا جبکہ کورونا کی صورتحال پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فوج کی مدد ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے حاصل کی گئی اور مشکل وقت میں پاک فوج قوم کےساتھ کھڑی رہی ہے۔ عید الفطر کی چُھٹیوں سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز عید الفطر کی چُھٹیوں کے حوالے سے وزارت داخلہ سے منسوب ایک نوٹی فکیشن وائرل ہوا جس پر وزارت داخلہ نے گذشتہ روز ہی وضاحت جاری کی اور اس نوٹی فکیشن کی تردید کر دی تھی۔جعلی نوٹیفکیشن کے مطابق 13 سے 17 مئی تک عید الفطر کی تعطیلات ہوں گی تاہم بعد میں وزارت داخلہ نے بھی اس نوٹیفکیشن سے متعلق وضاحت کردی ۔ وفاقی وزارت داخلہ نے کہا کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے متعلق سوشل میڈیا پرزیرگردش نوٹیفکیشن جعلی ہے ، اس نوٹی فکیشن میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز این سی او سی کی سفارشات پر وزارت داخلہ نے چُھٹیوں کی سمری تیار کی، سمری کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے عید الفطر کی چُھٹیاں 10 مئی سے 16 مئی تک ہوں گی۔وزارت داخلہ کی جانب سے چُھٹیوں کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ چُھٹیوں کا حتمی اعلان وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اس مرتبہ روزے 30 اور عید الفطر بروز جمعہ 14 مئی کو ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close