ملک میں کورونا کیسز کی شرح خوفناک ہو گئی، حکومت سے 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ

لاہور(پی این آئی)ملک میں کورونا کیسزکی شرح 18سے 75 فیصد سے تجاوز کر گئی، حکومت سے 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پنجاب میں فی الفور 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیدار پروفیسر شاہد ملک کا کہنا ہے کہ حکومت فی الفور پنجاب میں 15 دن ‏کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ کرے، حکومت وقت ویکسین کی فراہمی میں مجرمانہ غفلت کی ‏مرتکب ہوئی ہے۔‏پروفیسر شاہد ملک نے کہا کہ جس رفتار سے پاکستان میں ویکسی نیشن کی جا رہی ہے اُس سے ‏تقریباً 75سالوں میں ہم اپنی عوام کو ویکسی نیشن دے سکیں گے۔پروفیسر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ پچھلے سال 23 اپریل کو ملک بھر میں 1115کنفرم کیسز تھے ‏اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 839 تھی آج سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 790016 ‏کنفرم کیسز ہیں اور 86529 ایکٹیو کیسز ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹوٹل میں سے صرف پنجاب میں 45510 کیسز رجسڑڈ ہیں پچھلے 24گھنٹوں میں ‏‏5908نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 159اموات ہوئی ہیں، پورے ملک میں کرونا وائرس کے مثبت ‏کیسز کی شرح 18سے 75 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے کورونا سے شرح اموات 2.20 ہے۔پی ایم اے نے مطالبہ کیا کہ عوام بالخصوص ہیلتھ پروفیشنلز کو جلد از جلد ویکسین کی فراہمی ‏یقینی بنائے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے، انڈیا اور دوسرے ممالک جہاں کرونا ‏بے قابو ہے فی الفور آمدورفت کی بندش کرے، او، اے لیول کے امتحانات کے لئے دنیا میں ‏مروجہ اصول کی بنیاد پر ہی بچوں کو پروموٹ کیا جائے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے تشویشناک پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، ماسک نہ پہننے پر سخت سزاؤں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کی جائے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق این سی او سی کے ایس او پیز پر عملدرآمد کےلئے فیصلوں کے اطلاق کا آغاز ہوگیا ،فیصلے کے تحت ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔تمام ڈپٹی کمشنرز ماسک نہ پہننے اور دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائی کرسکیں گے۔ تجویز دی گئی کہ جرمانہ، جیل یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 500 روپے جرمانہ کئے جائینگے ،دکان کے اندر ماسک نہ استعمال کرنے پر دکاندار کو 2000 جرمانہ کیا جائیگا ،دوکان میں سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر 2000 روپے جرمانہ کیا جائیگا ،بس میں 3000روپے جرمانہ ، کار میں 2000 روپے جرمانہ کیا جائیگا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close