لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعدد مقامات کے دورے کئے اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ روزے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عوام سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ سب سے پہلے بلوچستان کے علاقے درگ پہنچے اور سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سردار اعجاز احمد خان جعفر سے ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی طرف سے خیرسگالی کے طو رپر طالبات کیلئے ایک سکول بس اور ریسکیو 1122 ایمبولینس کا تحفہ بھی پیش کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پھگلہ پہنچے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد معززین اور عمائدین سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے وہوا میں ترقیاتی منصوبوں کی تختیوں کی نقاب کشائی کی اور عمائدین سے بلوچی میں خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ کے سٹیڈیم میں 26 منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سرائیکی میں جذباتی خطاب کیا اور وزارت اعلیٰ کے منصب کو تونسہ کے لوگوں کا مرہون منت قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ جو وعدہ کیا وہ پورا کریں گے اور آئندہ بھی تمام وعدے نبھائیں گے۔#/s#
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں