پی ڈی ایم جماعتوں نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیا، تاریخ بھی دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) پی ڈی ایم جماعتوں نے عیدالفطر کے بعد لانگ مارچ کرنے کی تیاری شروع کردی، حکومت مخالف تحریک یا لانگ مارچ میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شامل نہیں کیا جائے گا، 26 اپریل کو لانگ مارچ کی تاریخ سے متعلق اہم اعلان کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق صدر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمان نے 26 اپریل کو اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت مخالف تحریک،اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق رائے قائم کیا جائے گا۔اجلاس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم سے علیحدہ اپوزیشن جماعتیں تصور کرتے ہوئے فیصلوں سے باہر تسلیم کیا جائے گا۔ اسی طرح اجلاس میں پیپلزپارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی کے بغیر حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور جے یوآئی کے سربراہان میاں نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان نے فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے متفقہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔تاہم دونوں جماعتوں کے قائدین نے اپنی جماعتوں کو حکومت مخالف تحریک ، لانگ مارچ کی ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ جیسے ہی پی ڈی ایم جماعتوں کالانگ مارچ سے متعلق متفقہ فیصلے کا اعلان ہوگا تو کارکنان اور ورکرز لانگ مارچ کیلئے تیار ہوں۔واضح رہے پی ڈی ایم میں اس وقت پیپلزپارٹی اور اے این پی کے اتحاد سے نکلنے کے بعد 8 سیاسی جماعتیں باق ہیں، پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن عین موقعے پر استعفے دینے کے معاملے پر پیپلزپارٹی سائیڈ لائن ہوگئی، جس کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پی ڈی ایم کی بڑی جماعتو ں میں مزید اختلافات اس وقت پیدا ہوئے جب پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی بجائے اپنے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کروایا۔اس معاملے پرپی ڈی ایم جماعتیں پیپلزپارٹی، اے این پی نے اپنی راہیں جدا کرلی، جس کے بعد اب باقی جماعتیں لانگ اور حکومت مخالف تحریک کیلئے حکمت عملی بنائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close