اسلام آباد(آئی این پی ) سینیٹ میں اپوزیشن کے اختلافات شدید ہوگئے۔ ن لیگ نے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔ یوسف رضا گیلانی کے بلانے کے باوجود مصدق ملک نہ آئے۔ سینیٹ میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے۔ سینیٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن وفود کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ حکومتی وفد میں قائد ایوان شہزاد وسیم، وفاقی وزرا شبلی فراز، اعظم سواتی اور اپوزیشن کی جانب سے یوسف رضا گیلانی، سینیٹر شیری رحمان شریک ہوئیں۔ لیگی وفد نے حکومتی و اپوزیشن وفد کی ملاقات میں شرکت سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ نے سینیٹ میں اپوزیشن کے لئے 27 کمیٹوں کی چئیرمین شپ مانگ لی۔ سینیٹ میں اپوزیشن کو 22 اور حکومت کو 16 کمیٹیوں کی ممبر شپ کا فارمولا طے پایا تھا۔۔۔۔۔
منی لانڈرنگ کا کیس،جہانگیر اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی
لاہور(آئی این پی ) سیشن کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔ جمعرات کو سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ جہانگیر ترین اور علی ترین نے حاضری مکمل کروائی۔ جہانگیر ترین کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جہانگیر اور علی ترین شامل تفتش ہو رہے ہیں، ہم تفتش میں مکمل تعاون کررہے ہیں، امید ہے جو الزامات ہیں اس میں سرخرو ہونگے۔ جہانگیر ترین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں مقدمات میں تمام تر الزامات کا ریکارڈ فراہم کر رہے ہیں، امید ہے آنے والے دنوں میں ایف آئی اے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے گا۔ ایف آئی اے کے تفتشی افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام الزامات پر تفتش کر رہے ہیں، ملزمان کا نامکمل ریکارڈ کمرہ عدالت میں موجود ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ فائل تفتشی کے حوالے کر دی۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ انکوئری کی مکمل رپورٹ کہاں ہے، اس کو بھی پیش کیا جائے۔ تفتشی نے کہا کہ انکوئری رپورٹ خفیہ ہوتی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ ملزمان کی آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ یاد رہے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف ایف آئی اے حکام نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں