کرونا کی تیسری لہر بے قابو ، صورتحال تشویشناک اسد عمر نے مزید پابندیو ں کا عندیہ دےدیا

اسلام آباد(پی این آئی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کوروناکی وجہ سے صورتحال سنگین ہے ، مزید پابندیاں لگاناپڑیں گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس کے بعد انہوں نے بتایا کہ عوام احتیاط نہیں کر رہے جس کے باعث کیسز میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسدعمر کاکہنا تھا کہ 600سےزائد مریض روزانہ اسپتال پہنچتے ہیں ،اسپتال پہنچنے والے چند مریضوں کو آکسیجن لگاناپڑتاہے، اسپتالوں میں 4500 سے زائد مریض اسوقت آکسیجن کا استعمال کر رہے ہیں۔کورونا کی شرح مردان میں33، پشاور26 اور بہاول پور38 فیصد ہے۔ قوم بھی عمل نہیں کررہی، انتظامیہ بھی کارروائی نہیں کررہی۔گزشتہ سال قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا، اس مرتبہ عمل نہیں ہورہا۔ اسپتالوں میں آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت 90فیصد استعمال ہورہی ہے۔ہمسائے ممالک کے حوالے سے اسد عمر نے بتایا کہ ایران میں کل 25ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ایران میں کورونا سے کل 395اموات ہوئی ہیں ،اسی طرح بھارت میں کوروناکی وجہ سے ایران سے زیادہ خطرناک صورتحال ہے، کل بھارت میں پونے تین لاکھ کیسز ایک دن میں رپورٹ ہوئے۔گزشتہ روز پاکستان میں کورونا سے148اموات ہوئیں اور5ہزار499نئےکیسز سامنےآئے ہیں۔پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار600تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 72ہزار381ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں