دورہ زمبابوے میں نوجوان کھلاڑیوں کا دم خم جانچنے کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے اور نوجوانوں کو خود کو ثابت کرنے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ نے سیریز کے دوران سینئر کرکٹرز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ سیریز میں روٹیشن پالیسی اپنائے گی۔ 21 اپریل کو پاکستان زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گا۔شاہین شاہ آفریدی ، جو مسلسل کئی دوروں سے قومی پیس اٹیک کی قیادت کررہے ہیں کو آرام دیا جائے گا جبکہ فاسٹ بولر حسن علی کو بھی روٹیشن پالیسی کے تحت کھلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی بار قومی سکواڈ کا حصہ بننے والے وسیم جونیئر کو ڈیبیو کروائے جانے کا امکان ہے جب کہ فاسٹ بائولر محمد حسنین سیریز کے ہر میچ میں شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بائیں ہاتھ کے بلے باز شرجیل خان اور نوجوان دانش عزیز بھی سیریز کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کو آرام دیا جائے گا۔قومی ٹیم کا دورہ زمبابوے 21 اپریل کو ہرارے سپورٹس کلب میں افتتاحی ٹی 20 انٹرنیشنل کے ساتھ شروع ہوگا۔ سیریز کا دوسرا مقابلہ 23 اور تیسرا 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 29 اپریل سے کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز 1-2 اور ٹی ٹونٹی سیریز 1-3 سے جیتی تھی۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں