صنعتکاروں کی وزیراعظم عمران خان سے برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل میں مدد کی اپیل، کاٹن یارن درآمد کرنے کی اجازت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کا واحد حل ہے، فیصل معیز خان

کراچی (پی این آئی) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے ملکی مجموعی برآمدات میں سب سے زیادہ حصہ دار ٹیکسٹائل انڈسٹری کوتباہی سے بچانے کے لیے ایک بار پھر حکومت سے کاٹن یارن درآمد کرنے کی اجازت دینے اور علاقائی ممالک سے مسابقت کے لیے تمام ٹیکسز، ڈیوٹیز طویل مدتی بنیادوں پرختم کرنے کی درخواست کی ہے۔نکاٹی کے ہنگامی اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے کاٹن یارن پر درآمدی ڈیوٹی واپس لینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے صنعتکاروں کاکہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہوانے والے سنگین معاشی بحرانوں سے ملک کو نکالنے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں نکاٹی کے سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل،نائب صدر نعیم حیدر،اراکین منیجنگ کمیٹی اور نکاٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ فیصل معیز خان نے کہا کہ صنعتکار برادری وزیر اعظم عمران خان، مشیر برائے صنعت و تجارت، ٹیکسٹائل و پیداوار عبدالرزاق داؤدکی کاوشوں پر بے حدمشکور ہے تاہم کاٹن یارن کی درآمدات پرکسٹم دیوٹی میں نرمی کو محدود مدت کے لیے نافذ کرنے کی بجائے اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بنیادی خام مال کی فراہمی معمول پر نہیں آجاتی۔اگر حکومت قلیل مدت کے بعد اپنے اس اہم فیصلے کو واپس لیتی ہے تو ایسا کرنے سے ملک بھر میں کاٹن یارن کی قلت پیدا ہو گی جس کے کاٹن یارن کی قیمت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور ٹیکسٹائل کی برآمدات پر بھی اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے حکومت پرزور دیا کہ کاٹن کی برآمد پر پابندی عائد کر نا بے حدضروری ہے جو کہ ویلیو ایڈیڈ صنعتوں کے لیے بہت ضروری ہے ایسا کرنے سے ملک کی معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ صدر نکاٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کی حامل ٹیکسٹائل انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لیے کاٹن یارن درآمد کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو فروغ حاصل ہواور ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے مثبت اقدامات کی بدولت کثیر تعداد میں فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں اور بین الااقوامی مارکیٹ میں برآمدیآڈر کی تکمیل کو بروقت پورا کیا جاسکتا ہے جس سے ملکی معیشت میں خوشحالی آسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close