حکومتی پابندیوں کے باوجود شادی ہالزمالکان نے ہالز کھولنے کا اعلان کر دیا، تقریبات کی بکنگ شروع

کراچی (پی این آئی) کراچی کے شادی ہال مالکان نے 15 رمضان سے شہر بھر میں ہالز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ریسٹورنٹ کھلے ہیں تو شادی ہال کھولنے میں کیا مشکل ہے۔کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کیٹرز ڈیکوریٹر زایسوسی ایشن کے چیئرمین قیص منصور شیخ نے کہا کہ سندھ خصوصاً کراچی میں کورونا کیسز انتہائی کم ہیں۔ایسے میں شادی ہال کی بندش کے باعث 10 لاکھ افراد کا روزگار داؤ پر لگ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ریسٹورینٹ میں آؤٹ ڈور سروس کے ساتھ کام کی اجازت ہے تو ہمیں بھی شادی ہال سے اوپن ایئر کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے، ہم شادی ہال 15 رمضان سے کھول دیں گے۔کیٹرز ڈیکوریٹرز کے صدر کا کہنا ہے کہ جہاں آٹھ فیصد سے زائد کورونا کیسز کی شرح ہے وہاں شادی ہال بند کیے جائیں لیکن کراچی میں صورتحال بہتر ہے۔کراچی بینکیوٹ ہال ایسوسی ایشن کے چیئرمین شارق میمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے نقصانات سے باہر نہیں نکل پائے تھے کہ پھر شادی ہال کی بندش سے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شارق میمن نے کہا کہ مکمل ایس او پیز کے ساتھ شہر بھر کے تمام بینک اکاؤنٹس 15 رمضان سے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی کہ ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 112 افراد انتقال کرگئے جس سے وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 65279 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4976 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ،وائرس سے 112 افراد انتقال کر گئے۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 271524 ہوگئی ہے ، 4544 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close