حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ، جہانگیر ترین کے حامی اراکین اسمبلی نے استعفوں کی پیشکش کر دی ،مشاورتی اجلاس بھی بلا لیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کےارکان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی ، جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کا مشاورتی اجلاس 21 اپریل کو بلالیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اور پنجاب اسمبلی کے اراکین کی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر

بیٹھک ہوئی ، جس میں پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کا بیانیہ وزیراعظم عمران خان تک پہنچانے سے متعلق بات چیت کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں 30 سے زائد اراکین اسمبلی نے شرکت کی ، ہم خیال گروپ کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان یا ممکنہ طور پر ان کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی سے ملاقات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے 2 سے 3 اراکین نے اسمبلیوں سے استعفوں کی تجویز دی اور کہا کہ ناانصافی کی صورت میں استعفے دینے کا آپشن موجود ہے لیکن اجلاس میں استعفوں پر اتفاق نہ ہوسکا تاہم اجلاس میں انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنےپراتفاق کیا گیا جب کہ اجلاس میں حکومت سے ناراض ارکان اسمبلی سے بھی رابطوں کا بھی فیصلہ ہوا۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء راجہ ریاض نے آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آج آخری مرتبہ ریاست مدینہ میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ، انصاف نہ ملا تو فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے، بات کو مزید آگے نہ بڑھائیں ، بڑے تحمل سے تحریک انصاف کے پرچم کے نیچے کھڑے ہیں ، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی عدالت مین پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 40 ارکان عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، کیوں کہ جہانگیر ترین سے نا انصافی ہو رہی ہے ، اب اس بات کو آگے نہ بڑھائیں، ہم اب تک پی ٹی آئی کے پرچم تلے کھڑے ہیں، لیکن آخری بار انصاف مانگ رہے ہیں، نہ ملا تو فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close