حکومتی خرچ پر لابنگ شروع، وزیر مذہبی امور کی جانب سے مذہبی رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی جانب سے علماکرام کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان سمیت دیگر علماکرام بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےمذہبی تنظیم پر پابندی کے پس منظر سے شرکاء کو آگاہ کیا

اور حکومتی مؤقف پیش کیا، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ رسول اکرمؐ کو اللہ نے سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، ان سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی ہستی نہیں ہے، ان کی عزت اور تکریم ہمارے ایمان کا حصہ ہے لیکن ملک میں تشدد کی جو لہر پیدا کی جا رہی ہے یہ رسول کریم حضرت محمدؐ کی تعلیمات کے منافی عمل ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے، مومن مومن کا بھائی ہے، افواج پاکستان، سیکورٹی ادارے اور پولیس ہماری ہے، یہ ہمیں تحفظ فراہم کرتے ہیں، ان پر تشدد کسی طرح بھی جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے ناموس رسالت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کی۔ تقریب میں موجود علماء نےپرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، کوئی شخص اور مسلمان یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ حضور اکرمؐ کی شان میں کوئی گستاخی کرے، اگر کوئی شخص ایسا عمل کرتا ہے تو اس کے لئے بہترین طریقہ یہی ہے کہ حکومت وقت، ہمارے ادارے، ہمارے علمامل بیٹھ کر اس بارے میں لائحہ عمل مرتب کریں، انہوں نے کہا کہ کوئی شخص، فرد واحد یا گروہ اپنے نظریات حکومت پر مسلط نہیں کر سکتا، ہمارا ملک اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا کہ کوئی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں