دبئی(آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر زمبابوے کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک پر 8سال کی پابندی عائد کردی۔ہیتھ اسٹریک پر کرپشن میں ملوث شخص سے بٹ کوائن میں رقم وصول کرنے سمیت آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا بھی الزام ہے۔زمبابوے کی تاریخ کے عظیم ترین فاسٹ بالر تصور کیے جانے والے ہیتھ اسٹریک 2017 اور 2018 میں کھیلے گئے میچ کی
وجہ سے مسلسل زیر تفتیش تھے اور یہ میچز اس وقت کھیلے گئے جب وہ زمبابوے کی کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔وہ 2016 سے 2018 تک زمبابوے کے کوچ رہنے کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور افغانستان پریمیئر لیگ سے بھی منسلک رہے۔ہیتھ اسٹریک پر الزام ہے کہ انہوں نے کرپٹ سرگرمیوں میں ملوث افراد کا ٹیم کے کھلاڑیوں سے رابطہ کرانے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا جبکہ ان پر کرپٹ افراد کی جانب سے رابطے کے بارے میں آگاہ نہ کرنے اور ان سے تحائف اور رقوم وغیرہ وصول کرنے کا بھی الزام ہے۔زمبابوے کے سابق کپتان پر الزام ہے کہ انہیں دو بٹ کوائن کی شکل میں رقم کی ادائیگی کی گئی جس کی مالیت 35 ہزار ڈالر بنتی ہے جبکہ انہیں ایک آئی فون بھی بطور تحفہ دیا گیا تھا لیکن اس حوالے سے بھی انہوں نے آگاہ نہیں کیا۔کرک انفو کے مطابق ہیتھ اسٹریک نے ابتدائی طور پر ان الزامات کا عدالت میں سامنا کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ٹھوس شواہد کو دیکھتے ہوئے انہوں نے الزامات اور سزا کو قبول کر لیا ہے۔ان پر 8 سال کے لیے ہر طرز کی کرکٹ میں شمولیت پر پابندی عائد کردی ہے اور وہ 28 مارچ 2029 سے دوبارہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں گے۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کے سربراہ ایلکس مارشل نے کہا کہ ہیتھ اسٹریک ایک تجربہ کار سابق کرکٹر ہیں اور قومی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں جس کی وجہ سے وہ متعدد ایسے سیشنز میں شرکت کر چکے ہیں جس میں کرپٹ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی لہذا وہ اپنی ذمے داریوں سے مکمل طور پر آگاہ تھے۔انہوں نے کہا کہ سابق کپتان اور کوچ کی حیثیت سے ان پر ذمے داری عائد ہوتی تھی کہ وہ کھیل کی شفافیت کو برقرار رکھیں لیکن انہوں نے ناصرف متعدد مرتبہ ان قواعد کی خلاف ورزی کی بلکہ چار کھلاڑیوں کی کرپٹ عناصر تک رسائی کا سبب بھی بنے جبکہ انہوں نے ہماری تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کی۔ایلکس مارشل نے کہا کہ اسٹریک کے اقدامات
سے میچ کے نتیجے پر کوئی فرق نہیں پڑا اور انہوں نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن تعلیمی پروگرام سے تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں