اہم سڑکوں کی مستقل بندش، ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی

کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں اہم سڑکوں کی مستقل بندش عدالت میں چیلنج کر دی گئی جس پر سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور دیگر سے جواب طلب کرلیا گیا۔ پیر کو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فاطمہ جناح روڈ سے آواری ٹاور روڈ سمیت ایس ایم لا کالج روڈ اور ایمپریس مارکیٹ کے سامنے والا روڈ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی روڈ اور کمال اتاترک روڈ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق سڑکوں کی بندش سے شہریوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں جبکہ کراچی میں تجارتی مراکز کے اطراف پورا پورا دن ٹریفک جام رہتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہوسکتا ہے سیکیورٹی وجوہات پر سڑکیں بند کی گئی ہوں۔ عدالت نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ دوسری طرف میمن گوٹھ سپر ہائی وے پر روڈ کی بندش کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت، مختارکار اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے متعلقہ مختار کار کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بتایا جائے زرعی زمین کو کمرشل میں کیوں تبدیل کیا گیا؟ عدالت نے فریقین سے مکمل ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق بھی درخواست گزار سے دلائل طلب کرلیے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں