پی ڈی ایم کو بڑا دھچکا ، پیپلز پارٹی نے انتہائی بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(پی این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرنے پر پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ آج پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی سے استعفے دیں گے۔ذرائع کا کہناہےکہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا مؤقف ہے کہ پی ڈی ایم سیاسی اتحاد ہے اور اس میں شامل کوئی جماعت کسی کے ماتحت نہیں لہٰذا شوکاز نوٹس دےکر دانستہ اپوزیشن اتحادکو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ڈی ایم کو فعال رکھنا ہے تو پیپلزپارٹی اور اے این پی سے معافی مانگی جائے۔یاد رہےکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ مانگنے پر پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کیے جس پر اے این پی نے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس پھاڑ دیا۔دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دراڑیں مزید گہری ہونے لگیں۔ پیپلز پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شاہد خاقان عباسی کا جاری کردہ شوکاز پھاڑ کر پھینک دیا۔ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس پھاڑنے پر اجلاس کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لئے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بینک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق وزیراعلی سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اہم پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close