لاہور (پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونامریضوں کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباو کا شکار ہوچکا ہے ،کورونا کوکنٹرول کرنے کے لئے مزیدسخت اقدامات کرناہوںگے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب کے پانچ شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی
شرح15فیصد سے بڑھ چکی ہے ،لاہور میں مثبت کیسز کی شرح19فیصد سے تجاوز کرچکی ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلئےمختص تقریباً تمام وینٹی لیٹر زیر استعمال آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کیلئے حکومت اپنے تمام تر وسائل استعمال اورممکنہ اقدامات کررہی ہے ،عوام کو احتیاط کرنا ہوگی،صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہے، ماسک پہننے سے کورونا سے بچاو ممکن ہے ،گھر سے باہر بغیر ماسک کے آنا خطرے سے خالی نہیں ۔ کورونا پابندیاں 13اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ اسلام آباد(آئی این پی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے کورونا کے حوالے سے ملک بھر میں عائد پابندیاں 13اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سربراہ این سی او سی اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں موجودہ پابندیاں 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،این سی او سی کے مطابق رمضان المبارک کے دوران پابندیوں سے متعلق اجلاس 12اپریل کو ہو گا جس میں پابندیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ویکسین کی کافی مقدار وسط اپریل کے بعد پہنچنی ہے، اجلاس میں رمضان کے دوران ویکسی نیشن پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں