اسلام آباد( آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ10اپریل کو این اے 75سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب شفاف اور انتہائی پرامن ماحول میں منعقد ہوا،اس سلسلے میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے، رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا،الیکشن کمیشن ان تمام اداروں کے ساتھ اس حلقے کے ووٹرز کا خاص طور سے شکرگزار ہے ، جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا آزادانہ
استعمال کیا۔اتوار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ10اپریل کو این اے 75سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب شفاف اور انتہائی پرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ اس سلسلے میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ خاص طور پر کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ،ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے اس سلسلہ میں ذاتی دلچسپی لی اور حلقے میں موجود رہے۔ رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔پولنگ اسٹاف نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے ۔الیکشن کمیشن اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عملے نے بھی مستعدی سے اس قومی فریضہ کو سر انجام دیا۔ الیکشن کمیشن ان تمام اداروں کے ساتھ اس حلقے کے ووٹرز کا خاص طور سے شکرگزار ہے ، جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا آزادانہ استعمال کیا۔۔۔۔ لیگی ایم این ایز نے حلقے کے عوام کے ضمیر خریدے،فردوس عاشق اعوان کے الیکشن کمیشن پر حملے جاری سیالکوٹ(آئی این پی ) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پولنگ ختم ہونے کے کئی گھنٹے بعد بھی لیگی ارکان اسمبلی حلقے میں دندناتے رہے جبکہ ریٹرننگ آفیسرانہیں نوٹس دینے سے خوفزدہ ہیں۔ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آر او کایکطرفہ رویہ ہمارے تحفظات کو تقویت دے رہا ہے۔لیگی ایم این ایز حلقے کے عوام کا ضمیر خریدتے رہے اور الیکشن کمیشن خاموش رہا ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے کئی گھنٹے بعد بھی لیگی ارکان اسمبلی حلقے میں دندناتے رہے۔ریٹرننگ آفیسر انہیں نوٹس دینے سے خوفزدہ ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں