مسلم لیگ ن 10ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت چکی ہے، ن لیگ نے خود ہی اپنی جیت کا اعلان کر دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وثوق سے کہتا ہوں مسلم لیگ ن 10ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت چکی ہے، ہم نے یونین کونسل وائز پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا جائزہ لیا ہے، الیکشن کا جو بھی نتیجہ آئے گا تسلیم کریں گے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام

میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ الیکشن لڑتے ہیں ان کو اندازہ ہوتا ہے اگر کوئی پولنگ اسٹیشنز 20، 25کلومیٹر کے فاصلے پر ہو تو وقت لگتا ہے لیکن اگر کسی یونین کونسل میں رزلٹ اکٹھا ہورہا ہورہا ہو، تو پھر پتا چل جاتا ہے، میں بڑے وثوق سے کہتا ہوں مسلم لیگ ن 10 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیت چکے ہیں، ہمارے پاس فارم 45تو نہیں ہے لیکن ہمیں اندازہ ہے، جب رزلٹ آئے گا تو معلوم جائے گا۔یونین کونسل وائز ہماری پولنگ ایجنٹ سے بات ہورہی ہے، دس ہزار ووٹوں کی لیڈ بڑے محتاط اعدادوشمار کے تحت بتا رہا ہوں۔ الیکشن کا جو بھی نتیجہ آئے گا تسلیم کریں گے۔ دوسری جانب پروگرام میں پی ٹی آئی کے رہنماء عثمان ڈار نے کہا کہ ہمارے ایجنٹس نے ہمیں جو نتائج بھیجے ان میں پچاس کے قریب پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں ہماری 2ہزار تک برتری ہے،لیکن آراوز کے فارم 45کے تحت ابھی تک دونوں جماعتوں میں کوئی مقابلہ نہیں ہے، کسی کو برتری حاصل نہیں ہے۔اسی طرح سینئر تجزیہ کار حامدمیرنے کہا کہ ڈسکہ الیکشن کو میاں نواز شریف لندن سے براہ راست مانیٹر کررہے ہیں، جبکہ مریم نواز، حمزہ شہباز اور عطاء تارڑ تینوں نوازشریف کے ساتھ الیکشن کو دیکھ رہے تھے۔مریم نواز ڈسکہ جارہی تھیں تو ان کی طبیعت خراب ہوگئی، جس پر نوازشریف نے ان کو روک دیا، جس پر حمزہ شہباز کو الیکشن مہم کیلئے بھیج دیا تھا۔اسی طرح تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے نوشین افتخار آسانی سے الیکشن جیت جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close