جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا آغاز کردیا

اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)سینئرتجزیہ نگار صابر شاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی شروعات کر دی ہیں۔ ان لوگوں نے مل کر پی ٹی آئی میں ایک فارورڈ بلاک بنا دیا ہے۔ ارکان اسمبلی کیلئے عشائیہ ایک پاور شو تھا جس کا مقصد دراصل ایک نئی جماعت کی بنیاد رکھنا تھا ۔ صابر شاکر کا مزید کہنا تھاکہ اس نئی سیاسی جماعت میں مسلم لیگ( ن) کے لوگ بھی آئیں گے اور پی ٹی آئی کے وہ ٹکٹ ہولڈر جو الیکشن ہار گئے تھے وہ بھی اس پارٹی کا حصہ بنیں گے ۔اس کے علاوہ بہت سے الیکٹیبلز بھی اس جماعت میں آئیں گے یہ پنجاب کی سیاسی جماعت ہوگی اور پنجاب پر ہی اپنا فوکس کرے گی۔ یہ لوگ پنجاب میں نقب لگائیں گے، اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ ان کیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی اتحاد کرے گی۔جہانگیر ترین جن کو سپریم کورٹ نے نا اہل قرار دیا اور ایف آئی اے میں ان کیخلاف انکوائری جا ری ہے۔ انہوں نے پاور شو کرکے عمران خان واضح پیغام دیدیا ہے ۔یہ وہی لوگ ہیں جو جہانگیر ترین کے کہنے پر پی ٹی آئی میں آئے تھے۔ عمران خان نے یہی غلطی کی تھی کہ الیکٹیبلز کے پیچھے پڑ گئے اور کہا پی ٹی آئی میں آتے جائیں اور پی ٹی آئی کا مفلر پہنتے جائیں۔یاد رہے کہ گزشتہ شب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے اعزار میں عشائیہ دیا گیا۔جس میں 29 سے زائد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق عشائیے میں 8 ارکان قومی اسمبلی، 2 صوبائی وزراء اور4 صوبائی مشیروں سمیت 21 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق عشایئے میں شرکت کرنے والے ارکان قومی اسمبلیمیں راجہ ریاض، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین عالم انور، جاوید وڑائچ، غلام بی بی بھروانہ اور غلام لالی شریک ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال اورصوبائی وزیر اجمل چیمہ نے بھی شرکت کی جبکہ عشایئے میں صوبائی مشیر عبدالحئی دستی،امیر محمد خان، رفاقت گیلانی اور فیصل جبوانہ بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق خرم لغاری، اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید، بلال وڑائچ، عمر آفتاب، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، امین چوہدری، سجاد وڑائچ، سمن نعیم، افتخار گوندل اور عون چودھری نے بھیعشائیے میں شرکت کی۔ عشائیہ میں شریک رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، شرکاء نے اعلان کیا کہ وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق عشائیے میں شریک رہنماؤں نے وزیراعظم کو مسلسل غلط معلومات پہنچائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close