’ پہلی بار کسی وزیراعظم کے منہ سے ایس بات نکلی ہے‘مفتی تقی عثمانی نے بھی وزیراعظم عمران خان کی حمایت کر دی

کراچی (پی این آئی ) شریعت کورٹ کے سابق جج اور مشہور عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی نے پردے سے متعلق وزیر اعظم کے بیان کی حمایت کردی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے پردگی کے بارے میں جناب عمران خان نے جو بات

کہی ہے وہ یقیناً سچ ہے اور پہلی بار کسی وزیراعظم کے منہ سے ایس بات نکلی ہے۔مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بات کی پوری تائید ہر حقیقت پسند کو کرنی چاہیئے ، تاہم مغرب کا اس لحاظ سے سڑا ہوا معاشرہ اس پر برا مانے تو مانا کرے لیکن حیرت ان مسلمانوں پر ہے جو اس پر تنقید کررہے ہیں۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ دنوں خواتین کے پردے کے حوالے سے دیے گئے متنازعہ بیان پر ان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں جمائما خان نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ عمران خان کے بیان کی غلط تشریح کی جا رہی ہے، کیونکہ میں جس عمران خان کو جانتی ہوں وہ کہتے تھے کہ مردوں کی آنکھوں پر پردہ ڈالنا چاہیئے۔اس موقع پر جمائما خان نے قرآن پاک کی آیت کا بھی حوالہ دیا اور لکھا، “مومن مردوں سے کہو کہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں”۔واضح رہے کہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان براہ راست فون کالز کے ذریعے عوام کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔حیدرآباد سے ایک شہری کے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم تیزی سے پھیل رہے ہیں اور جتنے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں صورتحال اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے ، ہم نے اس حوالہ سے سخت قانون سازی کی ہے لیکن جس طرح کرپشن صرف قانون بنانے سے ختم نہیں ہو گی اسی طرح جنسی جرائم کے خلاف بھی پورے معاشرے کو مل کر لڑنا ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close