لاڑکانہ میں جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کیا، شوکاز نوٹس کب جاری ہو گا، پیپلز پارٹی رہنماؤں نے سوال اٹھا دیا

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) اور جے یو آئی واضح کریں کہ وہ کب اسمبلیوں سے مستعفی ہورہے ہیں؟ لاڑکانہ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے اتحاد پر شوکاز نوٹس کب جاری ہوگا؟ پیپلزپارٹی اب تک مریم نواز کے فیصلوں اور بیانات کو سنجیدہ لیتی رہی ہے،اگر مسلم لیگ ن کے نزدیک ہی مریم نواز کے بیانات اور فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں تو واضح کیا

جائے کہ ان کی حیثیت آخر کیا ہے؟۔بدھ کو اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے نزدیک مریم نواز شریف کے بیانات کی کوئی حیثیت نہ ہونا قابل تشویش ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اب تک مریم نواز کے فیصلوں اور بیانات کو سنجیدہ لیتی رہی ہے،اگر مسلم لیگ ن کے نزدیک ہی مریم نواز کے بیانات اور فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں تو واضح کیا جائے کہ ان کی حیثیت آخر کیا ہے؟ افسوس کی بات ہے کہ ن لیگ کی قیادت بھی مریم نواز کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتی۔شازیہ مری نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جے یو آئی سے مل کر اپنے ذاتی مفادات کے لئے پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈالی،مولانا فضل الرحمان کہہ چکے ہیں کہ اگر پی پی استعفے نہیں دیتی تو جے یو آئی اور ن لیگ مل کر استعفے دیدیں گے،مسلم لیگ ن اور جے یو آئی واضح کریں کہ وہ کب اسمبلیوں سے مستعفی ہورہے ہیں؟ لاڑکانہ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے اتحاد پر شوکاز نوٹس کب جاری ہوگا؟

مسلم لیگ(ن) خود استعفے نہیں دینا چاہتی ، سارا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنا چاہتی ہیں،یوسف رضا گیلانی نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا

اسلام آباد( آئی این پی) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) خود بھی استعفے نہیں دینا چاہتی ،وہ سارا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنا چاہتے ہیں کہ یہ استعفے نہیں دینا چاہتے، ہم جو بھی فیصلہ کریں (ن) لیگ استعفے نہیں دے گی ۔بدھ کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ کے لیئے تیار تھی ، انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفے وہ بھی نہیں دینا چاہتے ، وہ سارا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنا چاہتے ہیں کہ یہ استعفے نہیں دینا چاہتے ، جبکہ استعفے وہ خود بھی نہیں دینا چاہتے ، پارٹی کی سی ای سی ہم سے بھی سوال کرے گی کہ استعفوں کے بعد آپ کیا کریں گے ؟انہوں نے کہا کہ ہم جو بھی فیصلہ کریں ن لیگ استعفے نہیں دے گی ، وہ استعفوں کے حق میں نہیں مگر ملبہ پیپلزپارٹی پر ڈالنا چاہ رہے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں