جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان سے رابطے تیز کر دئیے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ جہانگیرترین نے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ارکان اسمبلی کو اپنے ساتھ ملانے کافیصلہ کرلیا ہے، جہانگیر ترین جلد ناراض ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے،جہانگیر ترین نے ناراض ارکان سے ملاقات کا ٹاسک

قریبی ساتھیوں کو دیدیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض متعدد ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین سے اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے ، بینکنگ کورٹ میں 10 اپریل کوپیشی پر عدالت جائیں گے۔دوسری جانب پنجا ب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے رابطہ کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست تیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق چینی اسکینڈل میں نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین نے مسلسل رابطے شروع کردیئے ہیں، جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کیس کے حوالے سے بنکنگ کورٹ پہنچے تو ان کے ہمراہ وکلا سمیت صوبائی وزراء بھی پیش ہوئے۔جہانگیر ترین کے ساتھ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، نذیر بلوچ، راجا ریاض، سلیمان نعیم، غلام بی بی بھروانہ، خرم لغاری، چوہدری افتخارگوندل، اسلم بھروانہ، طاہر رندھاوا اور امیر محمد خان شامل تھے۔ اس موقع پر صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ وزرا اور ایم پی اے بھی آئے ہیں۔ جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان دوستوں نے مجھے فون کر کے کہا کہ آپ اکیلے کیوں جائیں گے ہم نے آپ کے ساتھ جانا ہے۔دوسری جانب ذرائع وزیراعلیٰ ہائوس نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین کی حمایت اور رابطے کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی فہرست تیار کرلی ہے جسے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ان کے حوالے کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں