دوست ہوں دشمن نہ بنائیں جہانگیرترین کی وارننگ

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین نے کہا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین اور علی ترین ایف آئی اے بینکنگ کورٹ لاہور میں پیش ہوئے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی جہانگیرترین کے ہمراہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں۔ میرے خلاف 3مقدمات ہیں۔ پاکستان میں80 شوگر ملز ہیں، لیکن نشانے پر صرف میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ میرے اور میرے بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔ جہانگیرترین نے کہا کہ اکاؤنٹ کیوں منجمد کیے، اس سے کیا فائدہ ، یہ سب کون کررہا ہے؟ ظلم بڑھتا جارہا ہے، میری وفاداری کا امتحان لیا جارہا ہے۔ بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں پوچھتا ہوں آخر یہ انتقامی کارروائی کیوں ہورہی ہے، وجہ کیا ہے؟ ملک کی 80 شوگر ملز میں سے انھیں صرف جہانگیر ترین نظر آیا۔ جو بھی یہ سب کررہا ہے وقت آگیا ہے انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیرترین نے کہا پی ٹی آئی سے راہیں جدا نہیں ہوئیں۔ رہنما پی ٹی آئی راجہ ریاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہیے۔ نقصان تحریک انصاف کو پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے بہترین اور جان نثار دوست کے خلاف زیادتی بند کرائیں۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ کچھ لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے میں اہم کردار جہانگیر ترین کا ہے۔ جہانگیر ترین مثبت کردار ادا نہ کرتے تو عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لےسکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close